غزہ : فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے راکیٹ داغے جانے کے بعد اسرائیلی طیاروں نے اتوار علی الصبح غزہ پٹی میں کئی مقامات پر ہوائی حملہ کیا ، جو مغربی کنارہ میں کشیدگی میں اضافہ کا اشارہ ہے ۔ اسرائیل کی فوج نے کہا کہ ہوائی حملوں میں ایک ہتھیار بنانے والے سینٹر اور حماس سے وابستہ ایک زیر زمیں سرنگ کو نشانہ بنایا گیا ۔ بتادیں کہ سال 2007 سے فلسطین کے غزہ علاقہ پر حماس کا کنٹرول ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کی شام کئے گئے راکیٹ حملہ کی ذمہ داری کسی فلسطینی گروپ نے نہیں لی ہے ، جو غزہ ۔ اسرائیل باڑ کے پاس ایک کھلے علاقہ میں گرا ۔ اسرائیل اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان اگست میں تین دن تک چلی جھڑپ کے بعد سے سرحد پر امن تھا ۔ بتادیں کہ حماس کو ہتھیار جمع کرنے سے روکنے کیلئے اسرائیل اور مصر نے غزہ کی ناکہ بندی کر رکھی ہے ۔