کوئٹہ : پاکستان کے صوبہ بلوچستان میںمانسون کی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ کئی اضلاع میں سیلاب کے باعث درجنوں افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق حالیہ مانسون سیزن میں اب تک 100 سے زائد افراد صوبے میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔پیر کو بھی صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہا جب کہ ضلع لسبیلہ میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی۔ادھر حب ڈیم کے اسپل ویز سے پانی کا غیر معمولی اخراج جاری ہے جس سے حب ندی میں سیلابی صورتَ حال پیدا ہو گئی ہے اور علاقے میں فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ حب ندی کے اطراف کی آبادیوں سے لوگوں کا انخلا جاری ہے جب کہ اب بھی کئی علاقوں میں پانی موجود ہے جن میں تحصیل لاکھڑا، وندر اور بیلا شامل ہیں۔