جموں و کشمیر کے راجوری میں انکاؤنٹر، فوج کے 5 جوان شہید، علاقہ میں انٹرنیٹ خدمات معطل

ہندوستان

جموں: جموں و کشمیر کے راجوری میں جمعہ کو سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے دوران فوج کے پانچ جوان شہید ہو گئے جبکہ ایک زخمی جوان کا علاج جاری ہے۔ وہیں، کچھ ملی ٹینٹوں کے بھی مارے جانے کی اطلاع ہے۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک علاقہ میں آپریشن جاری تھا۔ سیکورٹی کے پیش نظر ضلع میں انٹرنیٹ خدمات فی الحال معطل کر دی گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق خراب موسم اور لگاتار بارش کے درمیان سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم ہو گیا۔ جموں علاقہ میں بھاٹا دھورین کے طوطا گلی علاقہ میں ملی ٹینٹوں نے فوج کے جوانوں پر گھات لگا کر حملہ کر دیا تھا، جس کے بعد علاقہ میں چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کو باہر نکالنے کے لیے لگاتار یہ آپریشن جاری ہے۔

تصادم میں دو جوان موقع پر ہی شہید ہو گئے تھے اور 4 زخمی جوانوں کو علاج کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا۔ بعد میں دوران علاج مزید تین جوانوں نے دم توڑ دیا۔ اس آپریشن میں فوج کے کل 5 جوان شہید ہو گئے ہیں۔

خیال رہے کہ راجوری سیکٹر کے کنڈی جنگل میں ملی ٹینٹوں کی موجودی کی اطلاع پر 3 مئی کو ایک مشترکہ کارروائی شروع کی گئی تھی۔ 5 مئی کو صبح تقریباً 7.30 بجے ایک سرچ پارٹی کو گپھا میں چھپے ملی ٹینتوں کی اطلاع ہوئی۔ یہ گپھا کھڑی چٹانوں میں موجود ہیں۔ فوج کے جوانوں نے جب یہاں پہنچ کر انہیں نکالنے کی کوشش کی تو انہوں نے بم دھماکہ کر دیا۔

اس کے بعد ارد گرد کے فوج کی اور ٹیموں کو جائے وقوعہ پر طلب کیا۔ وہیں زخمی جوانوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اودھم پور کمانڈ اسپتال پہنچایا گیا۔ ایسی اطلاع ہے کہ علاقہ میں ملی ٹینوں کا ایک گروپ پھنس گیا ہے۔ وہیں، امکان ہے کہ تصادم میں کچھ ملی ٹینٹ مارے بھی گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔