ممبئی: عروس البلادممبئی کے ماہم ساحل سمندر پر واقع عالمی شہرت یافتہ صوفی حضرت مخدوم فقیہ علی مہائمی ؒ کا سالانہ میلہ کرونا کی وبا کے دو سال بعد روایتی جوش وخروش کے ساتھ منایا جائیگا اس کی خاصیت یہ ہے کہ یہاں پہلا صندل ممبئی پولیس کی جانب سے پیش کیا جاتاہے اس کے بعد میلہ کی تقریبات کا آغاز ہوتا ہے اس کیلئے ممبئی پولیس نے تمام تر تیاریاں مکمل کر نے کا دعوی کیا ہے 8 دسمبر سے 17دسمبر تک یہ میلہ جاری رہے گا ممبئی پولیس اور درگاہ کمیٹی نے اس سلسلے میں مشترکہ میٹنگ میں تمام نکات پر غور وخوص کر کے اس کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ممبئی میں کورونا کی پابندیاں ختم ہونے کے بعد 600 سالہ قدیم میلہ شایان شان منعقد ہوگا ٹریفک قوانین سے لے کر دیگر سیکورٹی انتظامات مکمل کر نے کا دعوی ممبئی پولیس نے کیا ہے ۔ ممبئی میں مخدوم بابا کو پولیس کا بابا بھی کہا جاتا ہے کیونکہ ممبئی پولیس کو ان سے کافی انسیت و عقیدت ہے اس لئے پہلا صندل روایتی طور طریقوں کے ساتھ پولیس پیش کر تی ہے اس کے بعد آستانہ مخدوم پر صندل پیش کر نے کا سلسلہ دراز ہوجاتا ہے ممبئی و اطراف سے کل 500 سے زائد صندل کمیٹیاں آستانہ مخدوم پرصندل اور نذرانہ عقیدت پیش کرتی ہیں۔ اس کے پیش نظر پولیس نے یہا ں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے ہیں۔ ماہم درگاہ کے منیجنگ ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی نے بتایا کہ کورونا کے پابندی سے نجات کے بعد دوسال بعد ماہم میں روایتی جوش و خروش کے ساتھ میلہ کا انعقاد کیا جارہا ہے اس میلہ کا مقصد آستانہ مخدوم میں پولیس کا نذرانہ عقیدت ہے انہوں نے کہا کہ مخدوم فقیہ علی مہائمیؒ کا یہ میلہ ہے اسے عرس سے منسوب کرنا غلط ہے ۔ ہر سال پولیس گلہائے عقیدت پیش کر نے کیلئے آستانہ مخدوم پر سال کے آخر میں صندل پیش کرتی ہے اور روایتی سلامی دیتی ہے اس کے ساتھ ہی یابابا مخدوم کے دھنوں پر پولیس کا ڈھول بجایا جاتا ہے جو کافی مقبول بھی ہے ۔