اسی کیس میں یوپی اسمبلی کی رکنیت منسوخ ہوئی تھی
لکھنؤ: ریاست اترپردیش میں اسمبلی حلقہ رام پور کے سابق رکن اور سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کو عدالت سے بہت بڑی راحت ملی ہے۔ رام پور کی خصوصی ایم پی۔ایم ایل اے عدالت نے نفرت انگیز تقریر کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے انہیں بری کر دیا۔ واضح رہے کہ اسی معاملہ میں سزا کے سبب ان کی اسمبلی کی رکنیت منسوخ کر دی گئی تھی۔رام پور کی تحت کی عدالت نے اسی معاملے میں اعظم خان کو تین سال کی سزا سنائی تھی لیکن اب ایم پی ۔ایم ایل اے کی خصوصی عدالت نے انہیں بری کر دیا ہے۔ تحت کی عدالت نے گزشتہ سال 27 اکتوبر کو ایس پی لیڈر کے خلاف اپنا فیصلہ سنایا تھا۔عدالت کے آج کے فیصلے کے بعد اعظم خان کے وکیل ونود شرما نے کہا کہ ہمیں عدالت نے بری کر دیا ہے۔ نفرت انگیز تقریر کے جس معاملہ میں ہمیں سزا سنائی گئی تھی اب عدالت نے اس معاملہ میں ہمیں بے قصور قرار دیا ہے۔ تاہم گزشتہ سال اس معاملے میں تین سال کی سزا سنائے جانے کے بعد ایس پی لیڈر کی اسمبلی رکنیت منسوخ کر دی گئی تھی۔ اس کے بعد رام پور میں ضمنی انتخاب ہوا، جس میں برسراقتدار بی جے پی نے سماج وادی پارٹی سے یہ نشست چھین لی۔ بی جے پی امیدوار آکاش سکسینہ نے بڑے فرق کے ساتھ کامیابی حاصل کی جبکہ ایس پی امیدوار محمد عاصم رضا دوسرے نمبر پر آئے۔