کابل:افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈومیسٹک لیگ میچ کے دوران ہونے والے دستی بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ میڈیا کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے بتایا کہ جس وقت شائقین مقامی شپاگیزا کرکٹ لیگ کا میچ دیکھ رہے تھے، اس دوران ہجوم میں دھماکا ہوا۔کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے بتایا کہ دستی بم دھماکے میں 2 افراد ہلاک اور کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز حملے کے ذمہ داروں کو تلاش کر رہی ہیں۔خالد زدران نے میڈیا کو بتایا کہ میچ کو کچھ وقت کے لیے روک دیا گیا، تاہم متعلقہ علاقے کی صفائی کے بعد میچ کو دوبارہ شروع کر دیا گیا۔افغانستان میں کرکٹ کا کھیل انتہائی مقبول ہے، محدود وسائل اور عدم استحکام کے باوجود افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم عالمی مقابلوں میں مسلسل اچھا پرفارم کررہی ہے، افغانستان کے متعدد کھلاڑیوں کا شمار دنیا کے ٹاپ کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔