نئی دہلی: کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر پابندی لگانے کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ چکا ہے۔ جسٹس ہیمنت گپتا اور جسٹس سدھانشو دھولیا کی بینچ معاملے کی سماعت کر رہی ہے۔ بدھ کو بھی اس معاملے پر عدالت میں سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران کرناٹک حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ریاست میں حجاب پہننے پر روک نہیں لگائی گئی ہے، بلکہ اسکول کالجوں میں صرف یونیفارم پہننے کا حکم دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر روک لگانے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج دیا گیا ہے۔ عدالت عظمیٰ ایسی 23 عرضیوں پر ایک ساتھ سماعت کر رہی ہے۔ ان میں سے کچھ رٹ عرضیاں بھی ہیں۔ حجاب تنازعہ پر سپریم کورٹ میں بدھ کو ہوئی سماعت کے دوران کرناٹک حکومت کی طرف سے ایڈیشنل سالسٹرجنرل کے ایم نٹراج عدالت میں پیش ہوئے۔