نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے چیئرمین برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دہلی کے جنتر منتر پر سراپا احتجاج پہلوانوں کے خلاف بھی عرضی داخل کر دی گئی ہے۔ یہ عرضی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں بدھ کو داخل کی گئی ہے، جس میں پہلوانوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں آج سماعت ہونے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ پہلوانوں کو ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) اور اس کے چیئرمین برج بھوشن کے خلاف دھرنا دیتے ہوئے ایک مہینے سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے۔
پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں دائر کی گئی عرضی میں ونیش پھوگٹ، بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک سمیت پہلوانوں پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کے جھوٹے الزامات عائد کر رہے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف بھی نازیبا زبان استعمال کر رہے ہیں۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ برج بھوشن شرن سنگھ پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں۔ ایسے الزامات ذاتی فائدے کے لیے کسی کے دباؤ پر لگائے گئے ہیں۔ عرضی گزار بم بم مہاراج کی جانب سے ایڈووکیٹ اے پی سنگھ نے عدالت میں عرضی داخل کی ہے۔
عدالت اس عرضی کی سماعت جمعرات کو دوپہر 2 بجے کرے گی۔ ادھر، جنتر منتر پر کھلاڑیوں کا احتجاج بدھ کو بھی جاری رہا۔ پہلوان لگاتار برج بھوشن کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پہلوان ساکشی ملک حمایت حاصل کرنے ہریانہ کے حصار گئی ہیں۔ پہلوانوں کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے بھی عوام سے سپورٹ مانگی جا رہی ہے۔