ممبئی: بہشت زینب سلام اللہ علیہا جوہو کپاسواڑی ممبئی میں مرحوم سید وزیر حیدر ابن علی حیدر اور مرحومہ توقیر فاطمہ بنت زوار کی مجلس برائے ایصال ثواب منعقد ہوئی، مجلس کو ایران سے تشریف لائے عالم دین حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید محمود حسن رضوی( چیف ایڈیٹر حوزہ نیوز ایجنسی اردو) نے خطاب کیا۔
مولانا نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے دنیا میں کوئی چیز بے کار، بے فائدہ خلق نہیں فرمایا، قرآن پاک کی سورۃ بقرہ کی آیت 29 میں فرمایا: ھو الذی خلق لکم کا فی الارض جمیعاً، ترجمہ: خدا وہ ہے جس نے پیدا کیا تمہارے لئے جو کچھ زمین میں ہے، سب کا سب۔
انہوں نے کہا: دنیا کی ہر چیز نفع بخش ہے، یعنی دنیا کی کوئی چیز ایسی نہیں، جس سے انسان کو کسی نہ کسی حیثیت سے بلاواسطہ فائدہ نہ پہنچا ہو، خواہ یہ فائدہ دنیا میں استعمال کرنے کا ہو یا آخرت کیلئے عبرت و نصیحت ہو، بہت سی ایسی چیزیں کہ انسان کو ان سے فائدہ پہنچا ہے، لیکن اس کو خبر بھی نہیں ہوتی، یہاں تک کہ جو چیزیں انسان کیلئے مضر سمجھی جاتی ہیں، جیسے زہریلی اشیاء زہریلے جانور وٖغیرہ۔ غور کریں تو وہ بھی کسی نہ کسی حیثیت سے انسان کیلئے نفع بخش بھی ہیں، حتیٰ کہ موت بھی اپنے وقت پر نفع بخش ہے۔
حوزہ نیوز ایجنسی اردو کے چیف ایڈیٹر نے استقبال ماہ محرم کے عنوان سے کہا: عزاداری غور و فکر کے ساتھ کریں تو زندگی بدل سکتی ہے، محرم الحرام غور و فکر کا مہینہ ہے، یہ مقدس مہینہ مادی فکر سے بھی آزادی کا مہینہ ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم اسے اپنی عبادت کی قبولیت کا ذریعہ قرارا دیں، اور روز آخرت اپنی بخشش کا وسیلہ بنائیں۔