خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان "مونتھا” تیزی سے آندھرا پردیش کے ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان آج کاکیناڈا کے قریب مچھلی پٹنم اور کالنگا پٹنم کے درمیان ساحل کو عبور کرے گا۔ اس دوران ہواؤں کی رفتار 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
طوفان کے پیش نظر آندھرا پردیش، اڈیشہ اور چھتیس گڑھ میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ تمل ناڈو اور تلنگانہ میں اورنج الرٹ نافذ ہے۔ ساحلی اضلاع میں تیز ہوائیں اور بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
محکمہ موسمیات (IMD) کے مطابق، طوفان مونتھا کی رفتار میں تیزی آ رہی ہے — گزشتہ چھ گھنٹوں میں اس کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 18 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو گئی ہے۔
آندھرا پردیش ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (APSDMA) کے منیجنگ ڈائریکٹر پرکھر جین نے کہا ہے کہ طوفان کے اثرات واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں اور انتظامیہ ہنگامی حالت میں کام کر رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آندھرا پردیش کے کاکیناڈا، کوناسیما، مغربی گوداوری، کرشنا، باپٹلا، پرکاشم اور ایس پی ایس آر نیلور اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
اڈیشہ کے جنوبی اضلاع ملکانگیری، کوراپٹ، کالاہانڈی، گجپتی، نبارنگ پور، بولانگیر، کندھمال اور گنجام میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ، منگل کو ساحلی کرناٹک، مشرقی راجستھان، گنگا مغربی بنگال، گجرات اور جھارکھنڈ میں بھی تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کیرال، کونکن، گوا، وسطی مہاراشٹر، شمالی داخلی کرناٹک اور ودربھ میں بھی موسلادھار بارش کے آثار ہیں۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کا خطرہ بھی ہے۔
یہ الرٹ آندھرا پردیش، اڈیشہ، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال، گجرات، کرناٹک، جھارکھنڈ، تمل ناڈو، پڈوچیری، مراٹھواڑہ اور تلنگانہ سمیت کئی ریاستوں کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ساحلی علاقوں سے دور رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
