امریکہ کی ریاست انڈیانا کے شاپنگ مال میں فائرنگ سے تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ وہاں موجود ایک شہری نے حملہ آور کو ہلاک کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے گرین وڈ پولیس چیف جم آئسن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ واقعہ اتوار کو شاپنگ مال کے ریسٹورنٹ میں پیش آیا۔ واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ان کے مطابق ’آج کا ہیرو وہ شخص ہے، جس نے اسلحے سے حملہ آور کو اس وقت نشانہ بنایا جب اس نے فائرنگ شروع ہی کی تھی۔
انہوں نے حملہ آور کو نشانہ بنانے والے شخص کا نام نہیں بتایا تاہم اتنا کہا کہ وہ 22 سال کے ہیں اور ان کے پاس قانونی اسلحہ تھا۔
رپورٹ کے مطابق حملہ آور کے پاس ایک رائفل کافی تعداد میں میگزینز موجود تھے۔
پولیس کی جانب سے ابھی تک فائرنگ کا نشانہ بننے والوں کے نام سامنے نہیں لائے گئے ہیں جبکہ حملہ آور اور اس کو ہلاک کرنے والے شہری کے نام بھی نہیں بتائے گئے۔
فائرنگ کی آواز کے ساتھ ہی مال میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ بچنے کے لیے ادھر ادھر بھاگ گئے تھے۔
فائرنگ کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پہلے ہی امریکہ میں پے در پے واقعات کے بعد اسلحہ رکھنے کے حوالے قوانین کو سخت بنائے جانے کی بحث زوروں پر ہے۔
مئی کے بعد سے امریکہ میں فائرنگ کے کئی واقعات دیکھنے میں آئے ہیں جن میں سٹور، ایلیمنٹری سکول اور آزادی پریڈ کے دوران فائرنگ کے واقعات شامل ہیں۔
خیال رہے اسلحہ رکھنے کے حوالے سے امریکہ کی ہاؤس جوڈیشری کمیٹی اسی ہفتے مجوزہ قانون سازی پیش کرنے جا رہی ہے جس کے بعد ہتھیاروں پر پابندی عائد ہو جائے گی۔