اٹاوہ: اتر پردیش کے اٹاوہ ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹے میں شدید بارش کے درمیان دیر رات مکان اور دیوار گرنے کے دو مختلف واقعات میں چار معصوم بچوں جبکہ دیگر واقعہ میں ایک جوڑے کی موت ہو گئی۔ اٹاوہ کے ضلع مجسٹریٹ اونیش رائے نے جمعرات کی صبح ان دو واقعات میں 6 لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔
پہلا واقعہ اٹاوہ کے سول لائن تھانہ علاقہ کے تحت چندر پورہ گاؤں میں رات تقریباً ایک بجے پیش آیا، یہاں کچے مکان کی دیوار گرنے سے مکان کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔ جس میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد ملبے تلے دب گئے۔ جب تک گاؤں والوں نے انہیں بچانے کی کوشش کرتے اس سے پہلے 4 معصوم بچوں تین بھائی اور ایک بہن کی دردناک موت ہوگئی۔ بچوں کی دادی اور ایک اور معصوم شدید طور پر زخمی ہے۔ دونوں کو علاج کے لیے ضلع ہیڈکوارٹر کے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم دونوں زخمیوں کے علاج میں مصروف ہے۔
مرنے والوں میں شنکو (10 سال)، ابھی (8 سال)، سونو (7 سال) اور آرتی (5 سال) شامل ہیں۔ اس حادثے میں 75 سالہ شاردا دیوی اور 4 سالہ رشبھ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق متوفی چار بہن بھائیوں کے والدین تین سال قبل تپ دق سے فوت ہوچکے ہیں۔ بچوں کے والد اونیش اور ماں پوجا کی موت کے بعد پورا گھر بے سہارا ہو گیا تھا۔
دوسرا واقعہ اٹاوہ کے اکدل تھانہ علاقے کے تحت کرپال پورہ گاؤں کے قریب پیش آیا جہاں بھاٹیہ پٹرول پمپ کی دیوار گرنے سے ایک جوڑے کی المناک موت ہو گئی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق رام سنیہی (65 سال) اور اس کی بیوی ریشما (63 سال)، بھاٹیہ پیٹرول پمپ کی دیوار کے کنارے سو رہے تھے۔ رات گئے دیوار گرنے کے بعد دونوں ملبے کے نیچے دب گئے۔ جب تک انہیں باہر نکالا گیا، دونوں کی موت ہو چکی تھی۔ دونوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئیں۔
دفتر وزیر اعلیٰ کے مطابق اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اٹاوہ میں دیوار گرنے کی وجہ سے جانوں کے ضیاع پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔ متوفی کے رشتہ داروں کو 4 لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام زخمیوں کے مناسب علاج کے لئے ہدایات دی ہیں