ہندوستان کو نشے کی دلدل میں دھکیلنے کے منصوبوں کو دہلی پولیس نے ناکام کردیا ہے۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے ممبئی میں واقع ناوا شیوا بندرگاہ سے 20 ٹن ہیروئن برآمد کیا ہے۔ دہلی پولیس کے ذریعہ ضبط کی گئی ہیروئن کی یہ اب تک کی سب سے بڑی کھیپ ہے۔ نشے کی اس کھیپ کے بازار کی قیمت تقریباً 1725 کروڑ روپئے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ڈرگس کی اتنی بڑی مقدار دیکھ کر پولیس بھی حیران رہ گئی۔ سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ ہیروئن کی اتنی بڑی کھیپ ناوا شیوا بندرگاہ تک کیسے پہنچ گئی؟
دہلی پولیس نے ڈرگس مافیاوں کے بڑے کھیل کو ناکام کردیا ہے۔ پولیس کو نشے کی بڑی کھیپ ہندوستان آنے کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد اسپیشل سیل کی ایک ٹیم نے ناوا شیوا بندرگاہ سے ایک کنٹینر کو ضبط کیا۔ جب اس کی تفتیش کی گئی تو پولیس کے بھی ہوش اڑگئے۔ ٹیم نے کنٹینر سے تقریباً 20 ٹن ہیروئن برآمد کی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی بازار میں اس کی قیمت تقریباً 1725 کروڑ روپئے ہے۔
پولیس کے سامنے سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ نشے کی اتنی بڑی کھیپ کو کس نے منگوایا تھا؟ ساتھ ہی یہ بھی سوال اٹھنے لگے ہیں کہ تمام طرح کی سیکورٹی انتظامات کے درمیان نشے کی کھیپ ہندوستانی سرحد میں کیسے داخل کی گئی؟ کیا کسی بھی سطح پر اس کی تفتیش نہیں کی گئی تھی؟
کچھ دنوں پہلے ضبط کی گئی تھی 1200 کروڑ کی ڈرگس
دہلی پولیس نے کچھ دنوں پہلے ہی 1200 کروڑ روپئے کی ہیروئن ضبط کی تھی۔ اسپیشل سیل نے دو افغان شہریوں کو گرفتار کرکے نارکو ٹیرر کی بڑی سازش کو ناکام کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اب خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ممبئی واقع ناوا شیوا بندرگاہ سے 1725 کروڑ روپئے قیمت کی ہیروئن ضبط کی گئی ہے۔ پوچھ گچھ میں افغان شہریوں نے انکشاف کیا تھا کہ ممبئی پورٹ پر بھی کنٹینر میں ڈرگس موجود ہے۔ اس اطلاع کی بنیاد پر دہلی پولیس اسپیشل سیل کی ٹیم چھان بین کرنے ممبئی پہنچی تھی، جہاں 20 ٹن ہیروئن ملا۔