بھیونڈی:(سید نقی حسن ) تھانے ضلع کے پولس کمشنر آشوتوش ڈمبرے نے تھانے ضلع میں دو پہیہ گاڑیوں کی چوری کے سلسلے میں سخت احکامات دیے تھے کہ بائیک کی چوری میں ملوث ملزمان پر کارروائی کرتے ہوئے فوری طور پر گرفتار کر چوری کی واردات کو کم کیا جائے ۔جانچ کے دوران بھیونڈی کرائم برانچ 2 نے پایا کہ نارپولی اور کونگاوں پولیس اسٹیشن، شانتی نگر پولس اسٹیشن کی حدود میں دو پہیہ گاڑیوں کی چوری میں اضافہ ہوا ہے، اس سلسلے میں بھیونڈی کرائم برانچ یونٹ 2 نے محمد سرجیل سراج احمد عرف حمزہ، عمر 22 سال ،کو خان کمپاؤنڈ شانتی نگر بھیونڈی سے حراست میں لیا ۔پوچھ گچھ کے دوران ملزم محمد سرجیل نے بتایا کہ اس نے خود تھانے ضلع کے بھیونڈی اور آس پاس کے علاقوں میں کئی گاڑیاں چوری کی ہیں۔تھانے پولس کمشنریٹ کے کرائم برانچ کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس نیلیش سوناونے نے بتایا کہ ملزم محمد سرجیل سراج احمد عرف حمزہ بھیونڈی کے ایک گیراج میں ہیلپر کے طور پر کام کرتا تھا۔ملزم کے خلاف واگلے، نوپاڈا، نارپولی، بھیونڈی، ممبرا جیسی جگہوں پر گاڑیاں چوری کرنے اور دوسروں کو فروخت کرنے کے 29 مقدمات درج ہیں۔ ملزم کو بھیونڈی کی عدالت میں پیش کیا گیا اور اسے چار دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔