بھیونڈی:رکن پارلیمنٹ بالیا ماما نے مغربی اسمبلی حلقہ میں سماج وادی پارٹی کے مرکزی دفتر کاافتتاح کیا

بھیونڈی


’’میں کسی کو ہرانے نہیں بلکہ ریاض اعظمی کو کامیاب کرنے آیا ہوں“بالیا ماما

بھیونڈی ( نامہ نگار) یہاں مغربی اسمبلی حلقہ میں مقامی رکن پارلیمنٹ  سریش مہاترے  بالیا ماما نے درگاہ دیوان شاہ پر سماج وادی پارٹی کا سینٹرل آفس کا افتتاح کیا۔بالیا ماما نے افس کاافتتاح کرتے ہوئے ریاض اعظمی کے  کامیابی کی ضمانت دیتے ہوئے  دعویٰ کیا کہ ریاض اعظمی کی کامیابی  یقینی ہے۔


واضح ہوکہ مغربی اسمبلی حلقہ سے سماج وادی پارٹی کے اُمیدوار ریاض اعظمی میدان میں ہیں۔سیاسی پنڈتوں کے مطابق چار اہم اُمیدواروں میں صرف ایک مسلم اُمیدوارہونے کے سبب ریاض اعظمی کی کامیابی کو یقینی بتارہے ہیں۔ریاض اعظمی گزشتہ کئی برسوں سے زمینی سطح پر شہر میں کام کررہے ہیں۔ منگل دیر شام ان کے مرکزی دفتر کاافتتاح  این سی پی شرد پوار کے رکن پارلیمان سریش مہاترے کے ہاتھوں ہوا۔اس موقع پربالیا ماما نے کہا کہ ’میں کسی کو ہرانے نہیں بلکہ ریاض اعظمی کو جیتانے آیا ہوں۔انہوں نے کہاکہ  مغربی حلقے سے ریاض اعظمی کی نمائندگی پر مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھیونڈی کی عوام نے جس طرح 6 ماہ قبل پارلیمانی انتخاب میں پورے جوش اور جنون کے ساتھ ووٹنگ کی تھی۔اسی جوش کے ساتھ اسمبلی انتخاب میں ریاض اعظمی حق میں ووٹ کرکے دوبارہ تاریخ رقم کردیں۔رکن پارلیمنٹ نے اشاروں ہی  اشاروں میں کانگریس کے اُمیدوارکا نام لئے بغیر کہا کہ ’گاؤں کا غریب چلے گا،لیکن باہر کا ساہوکارنہیں چلے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاض اعظمی نے کہا کہ جمہوریت ہر کسی کوانتخاب میں حصہ لینے کی پوری آزادی ہے۔جس کااستعمال کرتے ہوئے مختلف سیاسی جماعت عوام کو لبھا رہی ہیں۔ کچھ سیاسی جماعتوں کے لیڈران آپ کے ووٹ کو تقسیم کرکے فرقہ پرست عناصر کو کامیاب کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ہم دوسروں سے اس لئے الگ ہیں کہ ہم دکانداری نہیں بلکہ گزشتہ کئی برسوں سے خدمت خلق کرتے آرہے ہیں۔جس کی گواہ یہاں کی عوام ہے۔ہم کل بھی زمین پر تھے اورمستقبل میں بھی زمین پر ہی رہیں گے۔ریاض اعظمی نے کہا کہ میری قوم  اگر مجھے نمائندگی کا موقع دیتی ہے تو ایوان اسمبلی میں بھیونڈی کے مسائل کے ساتھ قوم و ملت کے مسائل کے خلاف ان کی آواز سب سے بلند ہوگی۔ریاض اعظمی نے کہا کہ مجھے میری قوم سے پوری امید ہے کہ وہ مجھے ان کی آواز بننے کیلئے ضرور منتخب کرے گی۔
اس تقریب میں سابق صدر عبداللہ انصاری، عبدالسلام نعمانی، سابق کارپوریٹر فراز بہاوالدین بابا، پرویز سرداد ، شنہواز خان،  منور شیخ، ریاض شیخ، سمیت   سماج وادی پارٹی کے مقامی لیڈران عہدیادان، کارکنان کثیر تعداد میں موجود تھے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔