بھیونڈی:(سید نقی حسن ) بھیونڈی-نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کو دی گئی شکایتی عرضداشت میں مہاراشٹر پترکار سنگھ کے صدر عبدالغنی خان نے تحریر کیا ہے کہ 4 مارچ کو شہر کی ترقی سے متعلق ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی تھی، لیکن اس میٹنگ میں اردو اور تیلگو زبان کے صحافیوں کو مدعو نہیں کیا گیا۔ حالانکہ بھیونڈی شہر کو اردو اور تلگو زبان بولنے والوں کا گڑھ کہا جاتا ہے، اور یہاں ان زبانوں کے اخبارات اور نیوز چینلز کے ناظرین اور قارئین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ شہر کی ترقی میں اردو اور تلگو زبان بولنے والے عوام کے ساتھ ساتھ ان کے صحافتی ادارے بھی ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
مہاراشٹر پترکار سنگھ کے صدر عبدالغنی خان نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ یہ صرف میونسپل کارپوریشن کے پبلک ریلیشن آفیسر کی غلطی نہیں بلکہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کا مقصد مقامی صحافت اور اردو و تیلگو زبان بولنے والے لوگوں کے وقار کو مجروح کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھیونڈی-نظام پور میونسپل کارپوریشن کے پبلک ریلیشن آفیسر کی یہ حرکت مقامی صحافیوں کو نظر انداز کرنے کی ایک سازش معلوم ہوتی ہے، جو نہ صرف آزادی صحافت کے خلاف ہے بلکہ شفافیت اور غیرجانبدارانہ طرزِ حکمرانی کی روح کے بھی منافی ہے۔

عبدالغنی خان نے اپنی شکایتی عرضداشت میں کہا کہ یہ دیکھا جا رہا ہے کہ پبلک ریلیشن آفیسر ٹھانے، نوی ممبئی اور دیہی علاقوں کے صحافیوں کو میٹنگز میں مدعو کرتے ہیں، جب کہ بھیونڈی کے ان صحافیوں کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے جو شہر کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
4 مارچ کی میٹنگ میں پبلک ریلیشن آفیسر کا کردار مشکوک معلوم ہوتا ہے کیونکہ یہ محض غفلت نہیں بلکہ ایک منصوبہ بند سازش نظر آتی ہے۔
مہاراشٹر پترکار سنگھ کے صدر نے میونسپل کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ:
1. 4 مارچ کے واقعے کی تحقیقات کرائی جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ آئندہ اس طرح کا امتیازی سلوک نہ ہو۔
2. پبلک ریلیشن آفیسر کو معطل کر کے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
3. مستقبل میں ہونے والی پریس کانفرنسوں، میٹنگز اور پروگرامز میں بھیونڈی کے تمام صحافیوں کے وقار اور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔
4. میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری ہونے والی تمام پریس ریلیزز کو ہندی، مراٹھی، اردو اور
تیلگو زبان میں بھی شائع کیا جائے تاکہ تمام زبانوں کے قارئین کو سرکاری اسکیموں اور دیگر معلومات تک رسائی حاصل ہو۔
5. مقامی صحافیوں کے ساتھ بہتر رابطے اور انتظامی سرگرمیوں میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک "صحافی رابطہ کمیٹی” تشکیل دی جائے، جس میں مختلف زبانوں کے صحافیوں کو نمائندگی دی جائے۔
مہاراشٹر پترکار سنگھ کے صدر عبدالغنی خان نے اس معاملے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ صحافت کی آزادی، مقامی صحافیوں کا احترام اور شفاف طرزِ حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔