10 ماہ سے فرار قتل کا ملزم  مدھیہ پردیش سے گرفتار، شانتی نگر پولیس کی بڑی کامیابی

بھیونڈی

(سید نقی حسن )

بھیونڈی : شانتی نگر پولیس نے ۱۰ ماہ سے فرار قتل کے ایک ملزم کو اتر پردیش اور مدھیہ پردیش سے مشترکہ کارروائی میں گرفتار کر لیا ہے۔ یہ واقعہ اکتوبر 2024 کا ہے، جب یک طرفہ محبت میں ملزم نے ایک خاتون کا قتل کر دیا تھا۔ اس معاملے میں دو ملزمان پہلے ہی گرفتار ہو چکے تھے، لیکن اصل ملزم راجو مہندر سنگھ (عمر ۲۲ سال، ضلع بھدوہی، اتر پردیش) واردات کے بعد سے فرار تھا۔

پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ملزم پریاگ راج (یوپی) آیا ہے۔ تکنیکی طریقے سے پتہ چلا کہ وہ اپنے بھائی کے ساتھ دیواس ناکا، اندور (مدھیہ پردیش) میں روپوش ہے۔ شانتی نگر پولیس نے اندور کرائم برانچ کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔

گرفتاری کے وقت ملزم نے اپنی شناخت چھپانے کے لئے "سورج” نام بتایا، مگر پولیس نے اس کے ہاتھ پر موجود ٹیٹو کی نشاندہی سے اصلی پہچان ظاہر کر دی۔ ملزم کو بھیونڈی لا کر شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں کیس درج کر لیا گیا۔ عدالت میں پیشی کے بعد اُسے ۸ ستمبر ۲۰۲۵ تک پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔

یہ کارروائی پولیس ڈپٹی کمشنر ششیکانت بوراٹے، اسسٹنٹ کمشنر پولیس سچن سانگلے، سینئر پولیس انسپکٹر ونایک گائکواڑ اور انسپکٹر اتل اڈورکر کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔