بھیونڈی : ( سید نقی حسن ) بھیونڈی کے سب ڈویژنل آفس میں جمعرات کو منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رتے ہوئے الیکشن ریٹرننگ آفیسر سنجے جادھو نے کہا کہ بھیونڈی لوک سبھا انتخابات کے لیے سرکاری انتظامی نظام پوری طرح تیار ہے، لوک سبھا انتخابات کے لیے 54 بھراری ٹیمیں ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کے لیے 24 گھنٹے کام کریں گی۔بھیونڈی لوک سبھا حلقہ کے لیے نوٹیفکیشن 26 اپریل کو جاری کیا جائے گا اور پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 3 مئی ہیں۔4 مئی کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 6 مئی ہیں ساتھ ہی اس حلقے میں 20 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 4 جون کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ووٹوکی گنتی بھیونڈی تعلقہ کے ساوند گاؤں میں ایک وسیع گودام میں کی جائیگی ساتھ ہی ای وی ایم مشینوں کو محفوظ رکھنے کے لیے اسی جگہ ایک اسٹرانگ روم بھی بنایا جائے گا۔
بھیونڈی لوک سبھا حلقہ میں 20 لاکھ 39 ہزار 449 ووٹروں کا اندراج کیا گیا ہے اور ووٹروں کی تعداد میں اضافہ ہونے والا ہے کیونکہ ووٹر کے نام کے اندراج کی 3 مئی تک اجازت دی گئی ہیں ۔اس الیکشن میں پہلی بار الیکشن کمیشن نے بزرگ شہریوں اور 40 فیصد سے زائد معذوری کے حامل شہریوں کے لیے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا انتظام کیا ہے۔الیکشن کے لیے 2189 پولنگ بوتھ ہوں گے جن میں سب سے زیادہ 511 پولنگ بوتھ مرباڈ اسمبلی حلقہ میں ہیں۔الیکشن سے متعلق شکایات درج کرنے، امیدواروں کی جائیداد کے جرائم کے پس منظر کے بارے میں معلومات حاصل کرنے، پولنگ اسٹیشن کو چیک کرنے کے لیے جہاں ووٹر کا نام ہے، منشیات، اسلحہ، رقم اور شراب کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے مختلف ایپس بھی تیار کی گئی ہیں۔ شکایت کے حوالے سے ایپ پر آن لائن شکایت درج کرنے کے بعد اسے اگلے سو منٹ میں حل کیا جائے گا اور وہی معلومات انتخابی عمل کے ذریعے دستیاب کرائی جائیں گی۔الیکشن ریٹرننگ آفیسر سنجے جادھو نے بتایا کہ اس الیکشن میں امیدوار کے انتخابی اخراجات کی حد بڑھا کر 95 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔الیکشن کے دوران مختلف شکایات کے حوالے سے مرکزی الیکشن آفس میں کنٹرول روم شروع کر دیا گیا ہے اور اس کے لیے ٹول فری نمبر 18002331114 شروع کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔2019 میں بھیونڈی لوک سبھا پولنگ فیصد ریاست مہاراشٹر کے مقابلے کم تھی۔ اس میں اضافے کے لیے ووٹنگ سے متعلق آگاہی کے پروگرام جاری رہیں گے۔الیکٹورل ریٹرننگ آفیسر سنجے جادھو نے لوگوں سے اس الیکشن میں زیادہ سے زیادہ ووٹ کرنے کی اپیل کی ہیں ۔