(سید نقی حسن)
بھیونڈی: نوی ممبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو عوامی رہنما دی۔با۔ پاٹیل کا نام دینے کے مطالبے کے لیے بھیونڈی لوک سبھا حلقے کے رکنِ پارلیمان سریش مھاترے عرف بالیا ماما کی قیادت میں اتوار کے روز بھیونڈی سے نوی ممبئی تک ایک عظیم کار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی کو مقامی شہریوں کی جانب سے زبردست تائید حاصل ہوئی اور ہزاروں افراد نے اس میں بھرپور شرکت کی۔
ریلی کا آغاز بھیونڈی کے مانکولی۔ڈومبیولی روڈ پر دی۔با۔ پاٹیل کی تصویر پر گل پوشی کے ساتھ کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع تھانے کے سینئر رہنما آر۔ سی۔ پاٹیل، شیو سینا (اُدھو بالاصاحب ٹھاکرے گروپ) کے نائب رہنما وشواس تھلے، مہاراشٹر نونرمان سینا کے صوبائی نائب صدر ڈی۔ کے۔ مھاترے، شیو سینا (ٹھاکرے گروپ) کے ضلعی صدر کندن پاٹیل، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کی ضلعی خواتین صدر ڈاکٹر روپالی کراڑے، سابق ضلع پریشد رکن شاردہ سریش مھاترے سمیت بڑی تعداد میں مختلف برادریوں کے افراد موجود تھے۔
واضح رہے کہ نوی ممبئی ایئرپورٹ کو دی۔با۔ پاٹیل کا نام دینے کے مطالبے کے سلسلے میں ضلع ٹھانے، رائےگڑھ، پالگھر، ممبئی اور نوی ممبئی کے مقامی سماج مسلسل سرگرم ہیں۔ مہاراشٹر حکومت نے اس نام کے لیے تجویز مرکزی حکومت کو بھیجی ہے، مگر مرکز کی جانب سے تاحال کوئی فیصلہ نہ ہونے پر شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
ریلی کے دوران رکنِ پارلیمان بالیا ماما نے کہا کہ یہ ریلی مرکزی حکومت کی توجہ مبذول کرانے کے مقصد سے منعقد کی گئی ہے۔ اگر مرکزی حکومت نے نام کے مسئلے پر مزید تاخیر کی تو یہ تحریک مزید شدت اختیار کرے گی اور افتتاحی تقریب کو روک دیا جائے گا۔
اس احتجاج کو ونچت بہوجن اگھاڑی کی جانب سے بھی حمایت حاصل ہوئی۔ تنظیم کے بھیونڈی شہر کے صدر پردیپ شرکے نے بالیا ماما کو حمایت نامہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ ریلی میں کئی تنظیموں اور اداروں نے سرگرم شمولیت اختیار کی۔
قابلِ ذکر بات یہ رہی کہ مانکولی، کھارےگاؤں، کلوا اور وٹاوا سمیت مختلف مقامات پر مقامی شہریوں نے روایتی لباس اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا۔ خواتین نے روایتی رقص پیش کر کے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔