معاوضہ کی ادائیگی اور مذہبی مقامات کا تحفظ لازمی – ڈی پی پلان پر رکن اسمبلی رئیس شیخ کا دوٹوک مؤقف
(سید نقی حسن)
بھیونڈی:بھیونڈی- نظام پور میونسپل کارپوریشن کا نیا ترقیاتی خاکہ (ڈی۔پی۔ پلان) جاری کیا گیا ہے جس پر شہریوں کی جانب سے بڑی تعداد میں اعتراضات اور تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ اسی حوالے سے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے مہاراشٹر اسمبلی میں متعدد بار آواز اٹھاتے ہوئے حکومت کی توجہ مبذول کرائی تھی۔
رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ “ڈی۔پی۔ پلان نافذ کرنے سے پہلے شہریوں کے حقوق اور ان کے جذبات کا احترام ہونا ضروری ہے۔ بغیر مناسب معاوضہ دیے کسی کی جائیداد حاصل نہیں کی جائے گی اور مذہبی مقامات کو کسی بھی حال میں نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔

آج (16 ستمبر 2025) کو رکن اسمبلی رئیس شیخ کی قیادت میں ایک وفد نے میونسپل کمشنر انمول ساگر (آئی اے ایس) سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر اجے یادو، سلام نومانی سمیت دیگر عہدیداران اور سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں درج ذیل نکات پر تفصیلی گفتگو ہوئی:
1️⃣ سڑک کی توسیع اور جائیداد کا حصول – متاثرہ مکانات، دکانوں اور گوداموں کے مالکان کو پہلے پنچنامہ اور مناسب معاوضہ دیا جائے، اس کے بعد ہی کوئی کارروائی ہو۔
2️⃣ مذہبی و ثقافتی ورثے کا تحفظ – مندر، مسجد، درگاہ، شمشان، قبرستان، مجسمے اور بدھ ویہار جیسے مذہبی و ثقافتی مقامات کو ہر حال میں محفوظ رکھا جائے۔
3️⃣ میٹرو منصوبہ اور ڈی پی پلان الگ معاملات – شہری کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، اس کے لیے آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔
4️⃣ پہلے سے حاصل کی گئی زمینوں پر اپیل – جن شہریوں کی زمین پہلے ترقیاتی کاموں میں حاصل کی گئی ہے وہ اپنے کاغذات کے ساتھ میونسپل کارپوریشن میں درخواست دیں۔
میونسپل کمشنر انمول ساگر نے یقین دہانی کرائی کہ شہریوں کے مطالبات اور اعتراضات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور مذہبی مقامات کو ہر حال میں محفوظ رکھا جائے گا۔
رکن اسمبلی رئیس شیخ نے واضح کیا کہ:
بھیونڈی کی ترقی ضروری ہے، لیکن ترقی کے نام پر شہریوں کے حقوق نہیں چھینے جا سکتے۔ مناسب معاوضہ اور مذہبی مقامات کا تحفظ لازمی شرط ہے، اس کے بغیر کوئی ترقیاتی خاکہ قابل قبول نہیں ہوگا۔