دبئی: ایشیا کپ 2025 کے اُس میچ کا نتیجہ سامنے آ گیا ہے جس کا دنیا بھر کے کروڑوں کرکٹ شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا۔ اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں بھارتی ٹیم کے آگے پاکستان مکمل طور پر بے بس نظر آیا۔ پہلے گیندبازی اور پھر بیٹنگ میں بھارت نے ثابت کیا کہ پاکستان اُس کے سامنے کہیں نہیں ٹکتا۔
پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں بھارت نے 15.5 اوور میں تین وکٹ کے نقصان پر 131 رنز بنا کر میچ 7 وکٹ سے جیت لیا۔
بھارتی بیٹنگ کارکردگی:
اوپنر ابھیشیک شرما نے شاہین آفریدی کی پہلی دو گیندوں پر چوکا اور چھکا لگا کر اپنی کلاس دکھائی۔ انہوں نے صرف 13 گیندوں پر 31 رنز (4 چوکے، 2 چھکے) بنائے۔
شبمن گل 10 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
تلک ورما نے 31 گیندوں پر 31 رنز بنائے اور سوریا کمار یادو کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 56 رنز کی شراکت کی۔
کپتان سوریا کمار یادو نے 37 گیندوں پر 47 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور چھکا لگا کر بھارت کو جیت دلوائی۔
شیوم دوبے 10 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی اننگز:
دبئی کی سست پچ پر پاکستان کو رنز بنانے میں سخت دشواری پیش آئی۔ صاحبزادہ فرہام 40 رنز بنا کر سب سے کامیاب بیٹسمین رہے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 16 گیندوں پر ناقابلِ شکست 33 رنز بنا کر ٹیم کو کچھ باعزت اسکور تک پہنچایا۔
کپتان سوریا کمار یادو کا بیان:
میچ کے بعد سوریا کمار یادو نے کہا: "ہم پہلگام دہشت گرد حملے کے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس جیت کو اپنے ملک کی فوج کے جوانوں کے نام کرتے ہیں۔”
