(سید نقی حسن)
ممبرا پولیس نے ایک ایسی خاتون کو گرفتار کیا ہے جو نقلی چابی کے ذریعے گھر میں گھس کر چوری کی واردات انجام دیتی تھی۔ گرفتار ہونے والی خاتون کا نام سانیہ شارق ویگ (29 سال، رہائشی تلو جا، نوی ممبئی) بتایا جا رہا ہے۔
پولیس نے اس کے قبضے سے 35 تولہ سونا اور 20 ہزار روپے نقدی، کل ملا کر 24 لاکھ 42 ہزار روپے کا مال مسروقہ برآمد کیا ہے۔

یہ کارروائی اُس وقت عمل میں آئی جب شملہ پارک کے قریب نور محل میں رہنے والی شکایت گزار حنا سجاد علی سروے (46 سال) نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ ان کے گھر سے 35 تولہ سونا اور نقدی چوری ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ تنور نگر میں اپنی والدہ کے گھر گئی ہوئی تھیں تبھی یہ واردات پیش آئی۔
پولیس نے موقع پر تفتیش کی تو یہ بات سامنے آئی کہ نہ تو دروازے کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور نہ ہی کسی قسم کی زبردستی کے آثار ملے۔ اس سے شبہ ہوا کہ واردات کسی قریبی شخص نے انجام دی ہے۔ مزید تحقیقات کے بعد پولیس نے ملزمہ کو نوی ممبئی کے تلو جا علاقے سے گرفتار کر لیا۔
پولیس انسپکٹر انل شندے نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزمہ کے قبضے سے تمام مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا ہے اور معاملے کی مزید چھان بین جاری ہے۔