"راہ مقاومت” نامی بین الاقوامی سمینار میں "صدائے حوزہ” کے خصوصی شمارے کی رونمائی انجام پائی، اس تقریب میں حجۃ الاسلام والمسلمین خالق پور نے اپنے دست مبارک سے اس شمارے کی رونمائی فرمائی، یہ شمارہ خصوصی طور پر حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل، شہید حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن نصر اللہ کی یاد میں شائع کیا گیا ہے۔
صدائے حوزہ کے اس خصوصی شمارے میں دنیا بھر کے مراجع کرام اور علمائے عظام کے تاثرات اور تسلیتی پیغامات شامل ہیں، جو سید حسن نصر اللہ کی عظیم خدمات اور اسلامی مقاومت کے میدان میں ان کے ناقابل فراموش کردار پر مبنی ہیں، شمارے میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی، آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی، آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی، آیت اللہ العظمی وحید خراسانی، سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی اور دیگر اہم مراجع کے پیغامات کو جمع کیا گیا ہے۔
شہید سید حسن نصر اللہ کی بے مثال قیادت اور مقاومت کی راہ میں ان کی قربانیاں، علمائے کرام اور مراجع عظام کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا ذریعہ رہی ہیں، اور یہ شمارہ ان ہی عظیم شخصیتوں کے خیالات و احساسات کی عکاسی کرتا ہے، اس شمارے کی اشاعت کا مقصد امت مسلمہ کے دلوں میں سید حسن نصر اللہ کے مشن کی یاد کو زندہ رکھنا اور ان کے چھوڑے ہوئے عظیم ورثے کو آگے بڑھانا ہے۔
حوزہ نیوز ایجنسی کا یہ اقدام اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ شہید مقاومت کے مشن کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور اسلامی دنیا کے سامنے پیش کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ حوزہ نیوز ایجنسی کا ہدف ہی برصغیر کے مسلمانوں کی ترجمانی و دینی مدارس اور علمائے کرام کی مختلف سرگرمیوں اور خبروں کو کوریج و مراجع تقلید اور صدائے حوزہ کو دنیا تک پہنچانا ہے۔