اسلامی جمہوریہ ایران کے ساؤتھ ایسٹ میں واقع مشہور شہر کرمان کے بزدلانہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آج شہر پونا پمپری میں نماز جمعہ کے خطبے میں مولانا اسلم رضوی نے فرمایا کہ اس دھماکے نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ایران کے دشمن بزدل بھی ہیں اور ظالم بھی ہیں ۔
شہید قاسم سلیمانی کی مجلس میں بم دھماکہ کرنا یہ اس بات کی علامت ہے کہ اسلام ناب محمدی کا قسم خوردہ دشمن فرش عزا سے کس قدر خائف ہے اور شہید کی قبر پر بم دھماکہ یہ بتاتا ہے کہ جس طرح ظالم قبر کے باہر والے قاسم سلیمانی سے ناراض تھا اسی طرح اسلام کا خون آشام دشمن قبر میں موجود قاسم سلیمانی سے خفا ہے ۔
انسانیت کے دشمنوں نے یہ دھماکہ اس لیے کیا کہ ایران کی غیرت مند اور شھید دوست و شہید پرور قوم کے جذبہ ایمانی کو سرد کر سکے لیکن ان لوگوں کو یہ نہیں معلوم کہ یہ قوم شہادت سے نہ کل ڈری تھی نہ آج ڈری ہے ۔
تاریخ گواہ ہے کہ خنجر بکف درندوں نے جتنا ہمیں قتل کیا ، ہمیں تہہ تیغ کیا ہمارے عزم و استقلال میں اتنی ہی مضبوطی آئی ۔
اس لئے آج پونا کی نماز جمعہ سے ظالموں کو مخاطب کر کے مولانا اسلم رضوی نے یہ اعلان کیا کہ ہمیں قتل کرتے کرتے تمہاری تلواروں کی دھاریں کند ہو جائیں گی لیکن ہمارے جذبہ ایمانی سرد نہیں ہوں گے ۔
اس حادثہ جانکاہ پر سب سے پہلے ہم امام عصر ع ، رہبر معظم انقلاب و امت شہید پرور ایران کی خدمت میں تسلیت و تعزیت پیش کرتے ہیں اور اللہ رب العزت سے دعا کرتے ہیں کہ شہدا کے رشتے داروں کو اس غم کے سہنے کی طاقت و قوت مرحمت فرمائے ۔
رہبر انقلاب اسلامی ایران کو انقلاب امام زمانہ تک محفوظ رکھے ۔ آمین یا رب العالمین