ترکیہ میں پیر کی رات زمین زلزلے کے تیز جھٹکوں سے لرز اٹھی۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے استنبول اور ازمیر سمیت کئی شہروں میں محسوس کیے گئے۔
ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (AFAD) اور مقامی حکام نے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 10:48 پر مشرقی ترکی کے شہر سندرگی میں آیا۔ یہ گزشتہ تین ماہ میں اس علاقے کو متاثر کرنے والا دوسرا بڑا زلزلہ ہے۔ وزیر داخلہ علی یرلیکایا کے مطابق، اگست میں زلزلے کے بعد خالی کرائی گئی تین عمارتیں اور ایک دکان منہدم ہو گئی ہیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ازمیر کے شمال مشرق میں تقریباً 138 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع سندرگی ایک پہاڑی علاقہ ہے جو زلزلے سے متاثر ہوا ہے۔
اس سے قبل 10 اگست کو اسی علاقے میں 6.1 شدت کے زلزلے میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
ارضیاتی ماہرین کے مطابق ترکیہ کئی فالٹ لائنوں پر واقع ہے، اسی وجہ سے یہ خطہ زلزلوں کے لیے انتہائی حساس مانا جاتا ہے۔
فروری 2023 میں جنوبی ترکی میں 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے نے انطاکیہ سمیت کئی شہروں میں تباہی مچائی تھی، جس میں 53 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تازہ زلزلے کے بعد مقامی حکام نے شہریوں سے ہوشیار رہنے اور افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
