کلیان:مقدس مہینہ محرم الحرام کی مناسبت سے انفال فاؤنڈیشن کی جانب سے آج بائی رکمنی بائی اسپتال، کلیان میں زیرِ علاج مریضوں اور اُن کے اہلِ خانہ کے لیے پھل تقسیم پروگرام کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر اسپتال میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں میں تازہ پھل تقسیم کیے گئے۔ اس پروگرام کا مقصد بیماری کی دشوار گھڑی میں مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی، محبت اور حوصلہ افزائی کا اظہار کرنا تھا۔

انفال فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، ایثار، انسان دوستی اور خدمتِ خلق کا درس دیتا ہے۔ انہی اعلیٰ اقدار کو عملی جامہ پہنانے کے لیے یہ فلاحی اقدام انجام دیا گیا تاکہ ضرورت مند افراد تک مدد اور محبت کا پیغام پہنچایا جا سکے۔
اسپتال انتظامیہ نے انفال فاؤنڈیشن کی اس سماجی و فلاحی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے انسان دوست اقدامات معاشرے میں امید، مثبت سوچ اور باہمی تعاون کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔
انفال فاؤنڈیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی صحت، تعلیم، سماجی بہبود اور انسانی خدمت کے میدان میں مختلف فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
"انسانیت کی خدمت ہی حقیقی عبادت ہے، آئیے ضرورت مندوں کی مدد کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھائیں۔”
