بھیونڈی (سید نقی حسن): مہاراشٹر کے TET پیپر لیک معاملے کی تفتیش میں تھانے پولیس کو ایک اور اہم کامیابی ملی ہے۔ کیس کے مبینہ ماسٹر مائنڈ اور مفرور ملزم بجیندر کمار گپتا کی اہلیہ سمن کماری کو بہار کے پٹنہ سے گرفتار کرنے کے بعد منگل کو بھیونڈی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 6 جولائی تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔
پولیس حکام کے مطابق خصوصی تحقیقاتی ٹیم مفرور بجیندر کمار گپتا کی تلاش میں بہار پہنچی تھی۔ اطلاع ملی تھی کہ وہ سمستی پور ضلع کے ایک گاؤں میں موجود ہے، لیکن پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ کارروائی کے دوران حاصل ہونے والے موبائل لوکیشن، کال ڈیٹیل ریکارڈ اور دیگر تکنیکی شواہد کی بنیاد پر سمن کماری کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا، جس کے بعد انہیں باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا۔
تحقیقات کے دوران پولیس کی توجہ مالی لین دین پر بھی مرکوز ہے۔ تفتیشی افسران کو شبہ ہے کہ پیپر لیک سے متعلق رقوم کی منتقلی میں سمن کماری کے بینک کھاتوں کا استعمال ہوا ہو سکتا ہے۔ اسی امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت سے ان کا پولیس ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے تاکہ بینک ریکارڈ، موبائل ڈیٹا اور دیگر شواہد کی تفصیلی جانچ کی جا سکے۔ پولیس یہ بھی معلوم کر رہی ہے کہ آیا انہوں نے مفرور ملزم کی کسی بھی طرح مدد کی یا اس تک پہنچنے میں کوئی اہم سراغ فراہم ہو سکتا ہے۔
اب تک کی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ TET امتحان کے سوالیہ پرچے اتر پردیش کے آگرہ میں واقع ایک پرنٹنگ پریس سے غیر قانونی طور پر باہر نکالے گئے تھے۔ بعد ازاں انہیں دہلی کے راستے مہاراشٹر پہنچا کر منظم طریقے سے لیک کیا گیا۔ اس کیس میں پہلے ہی تین ملزمان گرفتار کیے جا چکے تھے، جبکہ سمن کماری کی گرفتاری کے بعد گرفتار افراد کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ دوسری جانب آگرہ سے وابستہ چار دیگر مشتبہ ملزمان تاحال مفرور ہیں، جن کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
کونگاؤں پولیس کا کہنا ہے کہ پورے نیٹ ورک کی ہر کڑی کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے۔ الیکٹرانک شواہد، بینک ٹرانزیکشن، موبائل ریکارڈ اور دیگر تکنیکی معلومات کی مدد سے تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، اور امکان ہے کہ آنے والے دنوں میں اس معاملے میں مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔
ادھر ملزمہ کے وکیل ایڈوکیٹ شَیلیش گائیکواڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سمن کماری نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے اور وہ مفرور نہیں تھیں۔ ان کے مطابق اب تک کسی مالی لین دین کا براہِ راست ثبوت سامنے نہیں آیا، جبکہ موجودہ کارروائی بنیادی طور پر کال ڈیٹیل ریکارڈ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ عدالت نے ملزمہ کو 6 جولائی تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے، جس کے بعد انہیں دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس دوران پولیس کو امید ہے کہ پوچھ گچھ سے مفرور مرکزی ملزم اور اس کے مبینہ نیٹ ورک کے بارے میں مزید اہم معلومات حاصل ہوں گی۔
