بھیونڈی ( شارف انصاری ):- مہاراشٹر کے بھیونڈی میں معذور افراد کے حقوق اور فلاحی منصوبوں کے مطالبات کو لے کر اپنگ وکاس مہاسنگھ کے بینر تلے معذور افراد نے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے مرکزی دفتر کے سامنے غیر معینہ مدت کا دھرنا شروع کر دیا ہے۔ مظاہرین نے انتظامیہ پر معذور افراد کے مسائل کو مسلسل نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنے تمام زیر التوا مطالبات فوری طور پر پورے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت معذور افراد کو ملنے والا ماہانہ وظیفہ نہایت کم ہے، لہٰذا اسے بڑھا کر 5 ہزار روپے ماہانہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ معذور افراد کو ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے، میونسپل کارپوریشن کی جانب سے لائسنس یافتہ اسٹال فوری طور پر الاٹ کیے جائیں، اور اسٹال لائسنس کی شرائط میں نرمی کرتے ہوئے سالانہ کرایہ کی بنیاد پر نظام نافذ کیا جائے۔ احتجاج کرنے والوں نے معذور افراد کے لیے ایک لاکھ روپے کی شادی امداد، معذور کھلاڑیوں کے لیے ایک لاکھ روپے تک اعزازی رقم، مفت مصنوعی اعضا کی فراہمی، معذور افراد کے لیے مشاورتی اور کاؤنسلنگ سینٹر کے قیام، اور سال 2017-18 سے زیر التوا معذور بہبود فنڈ فوری طور پر جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اپنگ وکاس مہاسنگھ نے خبردار کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پر کوئی ٹھوس فیصلہ نہیں کیا جاتا، تب تک بھیونڈی میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر کے باہر ان کا غیر معینہ مدت کا دھرنا اور احتجاج جاری رہے گا۔
