بھیونڈی: شہر میں پیر کی رات ہونے والی بارش کے بعد ایک خطرناک واقعہ پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مانسروور روڈ کے ورال تالاب علاقے میں ایک پرانا درخت اچانک جڑ سمیت اکھڑ کر سڑک کنارے کھڑی ویگن آر کار (MH-01-EW-2032) پر آ گرا، جس کے باعث گاڑی بری طرح تباہ ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق، گاڑی کے مالک نے واقعے سے چند لمحے قبل ہی کار پارک کی تھی اور اپنے گھر چلا گیا تھا۔ اسی وجہ سے گاڑی میں کوئی موجود نہیں تھا، ورنہ یہ واقعہ سنگین جانی حادثے کی شکل اختیار کر سکتا تھا۔
اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچیں۔ اہلکاروں نے درخت کی شاخیں کاٹ کر ہٹائیں اور کافی دیر کی کارروائی کے بعد سڑک کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا۔
مقامی شہریوں نے اس واقعے کے بعد انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مون سون کے موسم میں خستہ حال اور پرانے درختوں کی بروقت جانچ کی جائے اور جو درخت خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، ان کی کانٹ چھانٹ یا انہیں ہٹا دیا جائے، تاکہ مستقبل میں کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
